سٹی42: لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن مون مارکیٹ کے قریب ایک گندے نالے پر فوڈ اتھارٹی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے خالص دودھ کے نام پر خالص کیمیکل سے تیار کیا گیا دودھ پکڑ لیا، جو شہر کے مختلف پوش علاقوں اور "کوئٹہ چائے کیفے" جیسے مقامات پر سپلائی کیا جانا تھا۔
ذرائع کے مطابق یہ دودھ اتنا خطرناک تھا کہ اس میں استعمال ہونے والے کیمیکل نے گندے نالے کے پانی کا رنگ بھی سفید کر دیا۔فوڈ اتھارٹی کے سب انسپیکٹر نے دباؤ اور 20 لاکھ روپے کی مبینہ رشوت کو ٹھکرا کر نہ صرف پیشہ ورانہ دیانت داری کا ثبوت دیا بلکہ انسانی صحت کی حفاظت میں مثالی کردار ادا کیا۔ اس عمل پر شہریوں نے متعلقہ افسر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے افسران اداروں کا فخر ہوتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پکڑا گیا دودھ مبینہ طور پر ایک معروف سیاسی جماعت ن لیگ کے ایم پی اے کی ملکیت تھا اور فوڈ آفیسر نے اس حوالے سے کی جانے والی کال سننے سے بھی انکار کر دیا تھا۔