سٹی42: ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے حالیہ دورۂ پاکستان کے بعد دونوں ہمسایہ ممالک کے تعلقات میں ایک اور اہم پیش رفت ، تہران اور اسلام آباد کے درمیان براہِ راست پروازوں کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم کے مطابق ایران اور پاکستان کے درمیان فضائی معاہدہ کامیابی سے طے پا چکا ہے۔ اس معاہدے کے تحت ایران ایئر ٹور ائیرلائن اسلام آباد کے لیے پہلی براہِ راست پرواز چلائے گی۔
ایرانی سفیر نے اس پیش رفت کو سیاحت، کاروبار اور عوامی روابط کے فروغ کے لیے تاریخی قرار دیا ہے اور کہا کہ یہ پرواز دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرے گی۔ انہوں نے حکومت پاکستان کے تعاون پر خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔
رضا امیری مقدم نے ایران اور پاکستان کے عوام کو براہِ راست پرواز کے آغاز پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام تجارتی تعلقات اور عوامی روابط کے نئے دور کا آغاز ہے۔