سٹی42: 9 ستمبر 1965 کا دن پاکستان کی عسکری تاریخ میں ایک روشن باب کی حیثیت رکھتا ہے، جب پاک فوج نے جنگِ ستمبر کے دوران دشمن بھارت کو 3مختلف محاذوں پر تاریخی شکست دی۔ چاہے میدانِ جنگ ہو یا فضائی محاذ، پاکستانی جوانوں نے بے مثال جرات، قربانی اور حکمت عملی سے نہ صرف دشمن کی پیش قدمی روکی بلکہ اُسے شدید نقصان پہنچا کر پسپائی پر مجبور کر دیا۔ یہ دن اُن بہادر سپاہیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنا دیا۔
جسڑ پُل پر دلیرانہ دفاع، لیفٹیننٹ کلیم محمود شہید:
نارووال کے قریب جسڑ پُل پر بھارتی فوج نے شدید حملہ کیا، جس کا پاک فوج نے جواں مردی سے مقابلہ کیا۔ اس معرکے میں لیفٹیننٹ کلیم محمود نے بے مثال بہادری دکھاتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ ان کی قربانی نے اس مقام پر دشمن کی پیش رفت روک دی۔
فضائی محاذ پر دشمن کو بدترین نقصان، 81 طیارے تباہ:
اسی روز، پاکستان ایئر فورس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کے دو اہم فضائی اڈوں — پٹھان کوٹ اور جودھ پور — پر کامیاب حملے کیے جن کے نتیجے میں دونوں ایئر بیسز کو شدید نقصان پہنچا۔ پاک فضائیہ کے ہاتھوں مجموعی طور پر 81 بھارتی جنگی طیارے تباہ کیے گئے جن میں 28 طیارے فضا میں مار گرائے گئے، 2 طیارے اینٹی ایئرکرافٹ فائر سے تباہ ہوئے، 36 زمین پر کھڑے جہاز تباہ کیے گئے اور
15 طیارے کلائی کونڈا ایئر بیس پر تباہ کیے گئے۔یہ دشمن کے لیے ایک زبردست دھچکا تھا، جس سے بھارتی فضائیہ کا بڑا حصہ غیر مؤثر ہو گیا۔
سیالکوٹ اور قصور میں دشمن کی پیش قدمی ناکام، دو افسران شہید:
بری محاذ پر بھی پاک فوج نے سیالکوٹ اور قصور کے علاقوں میں دشمن کی پیش قدمی کو روکتے ہوئے فیصلہ کن برتری حاصل کی۔ اس دوران میجر محمد اشرف خان نے سیالکوٹ کینٹ کی طرف بڑھتے دشمن کے 2 ٹینک تباہ کیے اور دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا، لیکن وہ دشمن کی فائرنگ سے شہید ہو گئے۔
لیفٹیننٹ کرنل صاحبزاد گل (ستارہ جرات) نے قصور سیکٹر میں دشمن کو دھکیل کر کھیم کرن اور وال تھوا ریلوے اسٹیشن پر قبضہ کیا۔ دشمن کے جوابی حملے میں وہ شہید ہوئے۔ ان کی بہادری پر انہیں بعد از شہادت ستارہ جرات سے نوازا گیا۔
سونا مرگ میں بھارتی انجینئرنگ ٹیم پر حملہ:
مزید برآں، سونا مرگ کے مغربی مقام پر پاک فوج نے بھارتی انجینئرنگ ٹیم کو نشانہ بناتے ہوئے دشمن کو بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچایا۔
پاک فوج کی جرات مندی کا ناقابلِ فراموش باب:
9 ستمبر 1965 کو پاک فوج نے جس بہادری، جذبے اور نظم و ضبط سے دشمن کے تمام محاذوں پر پسپائی پر مجبور کیا، وہ نہ صرف عسکری تاریخ کا اہم سنگِ میل ہے بلکہ پوری قوم کے لیے فخر اور عظمت کی علامت بھی ہے۔ ان شہداء کی قربانیاں اس وطن کی مٹی میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔