سٹی 42 : وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ 27ویں ترمیم میں کوئی نئی چیز نہیں، تمام شقوں پر سیاسی جماعتوں سے مشاورت مکمل ہو چکی ہے ، نئی چیزیں نہیں ہیں یہ تمام باتیں کئی ہفتوں پہلے ہوچکی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار طلال چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا، انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں رپورٹ پیش ہوگی ، اس سے تمام چیزیں واضح ہوجائیں گی،جو لوگ مشاورت میں نہیں آئے وہ تو ملک کی خاطر بھی نہیں بولتے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ جنگ کے دوران بھی ان لوگوں نے پاکستان کے حق میں بیان نہیں دیا،خصوصا پی ٹی آئی نے ملک کے بجائے احتجاج اور سیاست کو ترجیح دی، پارلیمنٹ جب چاہے قانون سازی کرسکتی ہے کسی کی دھونس میں نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 80 نشستوں والی جماعت کے پاس اپوزیشن لیڈر کیلئے بندہ نہ ہو اس پر کیا کریں،اجلاس میں بہت سے امور پر اتفاق رائے کر لیا گیا ہے، کوشش کی جارہی ہے کہ ساری چیزیں متفقہ طور پر ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوشش کریں گے رپورٹ آج ہی مکمل ہو جائے لیکن کوئی جلدی نہیں، پی ٹی آئی جتنا پارلیمنٹ سے دور جائے گی اتنا سیاست سے دور جائے گی، محمود اچکزئی جس اسمبلی میں بھی رہیں اسی کو جعلی کہتے ہیں، پارلیمنٹ کا حصہ ہیں تو پارلیمنٹ سے دوڑیں نہیں،جتنا پارلیمنٹ سے دور جائیں گے اتنا ہی سیاست سے مائنس ہوں گے۔