قیصر کھوکھر: محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں مزید 7 روز کی توسیع کر دی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب میں ہر قسم کے احتجاج، جلسے، جلوس، ریلیوں، دھرنوں اور عوامی اجتماعات پر پابندی برقرار رہے گی۔
دفعہ 144 کے تحت چار یا زائد افراد کے عوامی مقامات پر جمع ہونے پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔حکومتی احکامات کے مطابق اسلحہ کی نمائش اور لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر بھی مکمل پابندی برقرار ہے۔تاہم لاؤڈ اسپیکر صرف اذان اور جمعہ کے خطبہ کیلئے استعمال کیے جا سکیں گے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق صوبے بھر میں اشتعال انگیز، نفرت آمیز یا فرقہ وارانہ مواد کی اشاعت و تقسیم پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دفعہ 144 میں توسیع کا فیصلہ امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کیلئے کیا گیا۔
حکومت پنجاب کے مطابق سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر عوامی جلوس اور دھرنے دہشت گردوں کیلئے سافٹ ٹارگٹ بن سکتے ہیں۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا کہ پابندی کا اطلاق شادی کی تقریبات، جنازوں اور تدفین پر نہیں ہوگا، جبکہ سرکاری فرائض کی انجام دہی پر موجود افسران و اہلکار اور عدالتیں اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے 15 نومبر تک دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے اور عوامی آگاہی کے لیے اس فیصلے کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔