ویب ڈیسک: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے اندرونِ ملک ریل رابطہ عارضی طور پر منقطع ہو گیا ہے، جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور متعدد ٹرینیں متاثر ہوئی ہیں۔
ریلوے حکام کے مطابق کوئٹہ سے ملک کے دیگر شہروں کے لیے ٹرین سروس معطل کر دی گئی ہے، جس کے نتیجے میں پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس آج روانہ نہیں ہو سکے گی، جبکہ کوئٹہ آنے والی یہی ٹرین جیکب آباد سے واپس بھیج دی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ٹرین آپریشن کی معطلی ناگزیر وجوہات کی بنا پر کی گئی ہے، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں لائی گئیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ کوئٹہ سے کراچی کے لیے بولان میل کی سروس پہلے ہی بند ہے، جبکہ کوئٹہ سے چمن جانے والی ٹرین سروس بھی تاحال معطل ہے۔
ریلوے حکام نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ سفر سے قبل ٹرینوں کی صورتحال سے آگاہی حاصل کر لیں۔