ویب ڈیسک: پنجاب میں آئندہ دنوں کے دوران غیر معمولی موسمی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں نے الرٹ جاری کر دیا ہے جبکہ ماہرین نے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات پاکستان کے مطابق 11 سے 13 مئی کے دوران شمال مشرقی پنجاب میں "سپر سیل"طوفانی سسٹم بننے کا امکان ہے، جس کے باعث لاہور، قصور، پتوکی، شیخوپورہ، اوکاڑہ، نارووال، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ میں تیز آندھی، گرج چمک اور موسلا دھار بارش متوقع ہے، جبکہ بعض علاقوں میں ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات بھی پیش آ سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اس موسمی نظام کے دوران نایاب موسمی رجحان ہیٹ برسٹ بھی دیکھنے میں آ سکتا ہے، جو گرج چمک والے بادلوں کے ختم ہونے پر پیدا ہوتا ہے، اس عمل میں ڈاؤن ڈرافٹ کے ذریعے ٹھنڈی ہوا تیزی سے نیچے آتی ہے اور کمپریشن ہیٹنگ کے باعث اچانک گرم ہو کر زمین سے ٹکرا کر درجہ حرارت میں وقتی طور پر 5 سے 10 ڈگری تک اضافہ کر دیتی ہے، جس کے ساتھ گرم اور خشک تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کرتے ہوئے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، کمزور عمارتوں سے دور رہنے اور خراب موسم کے دوران محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کی ہے۔