طاہر جمیل: پنجاب میں جانوروں کی آلائشیں اور باقیات سڑکوں، نالوں یا عوامی مقامات پر پھینکنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے 50 ہزار روپے جرمانے اور قانونی کارروائی کا اعلان کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں نے ستھرا پنجاب اتھارٹی ہیڈ آفس کا دورہ کیا جہاں ڈی جی بابر صاحب دین کے ہمراہ عیدالاضحیٰ صفائی انتظامات پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں صوبہ بھر کے ڈسٹرکٹ ستھرا پنجاب ایجنسیز کے مینجنگ ڈائریکٹرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی جبکہ عید صفائی آپریشن کیلئے خصوصی ہدایات جاری کی گئیں۔
سیکرٹری بلدیات نے ہدایت کی کہ ہر تحصیل کیلئے الگ جامع صفائی پلان تیار کیا جائے جبکہ اضافی عملہ اور مشینری بھی تعینات کی جائےعید سے قبل تمام ویسٹ کلیکشن پوائنٹس، ڈمپرز اور مشینری کی فٹنس چیک کی جائے جبکہ مساجد، عیدگاہوں اور مویشی منڈیوں کے اطراف خصوصی صفائی پلان مرتب کیا جائے۔
حکام کے مطابق صوبہ بھر کے صفائی آپریشن کی نگرانی کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے لیس کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے اور ستھرا پنجاب کی ٹیمیں 72 گھنٹے مسلسل فیلڈ میں متحرک رہیں گی۔
سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں کا کہنا تھا کہ ہر تحصیل میں ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں اور بیک اپ مشینری الرٹ رکھی جائے گی جبکہ عیدالاضحیٰ صفائی آپریشن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔