صدر مملکت سے ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سیدوف  کی ملاقات

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

اویس کیانی : صدر مملکت آصف علی زرداری سے ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سیدوف  کی ملاقات ہوئی ۔ 

ملاقات میں  صدر مملکت نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ازبکستان کے ساتھ تجارت، معیشت، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے ، پاکستان برادر ملک ازبکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ پاک-ازبک تعلقات صدیوں پرانے اور مشترکہ مذہب، ثقافت اور تاریخ پر مبنی ہیں، دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات بڑھانے کی صلاحیت موجود ہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان علاقائی روابط کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، وسطی ایشیائی ممالک پاکستان کے جغرافیائی محل وقوع سے مستفید ہوں ۔

صدر مملکت نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت بڑھانے کیلئے بارٹر ٹریڈ اور مقامی کرنسی کے استعمال کی تجویز دی، ساتھ ہی تجارتی تعلقات بہتر بنانے کیلئے دونوں ممالک میں بینک کھولنے کی بھی تجویز دی۔ 

صدر مملکت نے دونوں ممالک کو مزید قریب لانے کیلئے عوامی اور سیاحتی روابط مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ 

وزیر خارجہ بختیار سیدوف نے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے ، باہمی شراکت داری بہتر بنانے کیلئے روڈ میپ تیار کرنے پر زور دیا، کہا کہ دوطرفہ تجارتی  اور اقتصادی تعاون بڑھانے کیلئے ایکشن پلان کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان ٹرانسپورٹ راہداری سے دوطرفہ تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔ 

وزیر خارجہ نے ازبکستان کے صدر کی جانب سے صدر مملکت کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔