ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

مالٹا: 55 میٹر طویل دنیا کی سب سے بڑی چاکلیٹ ٹرین تیار,عالمی ریکارڈ قائم

ٹرین میں ایک روایتی بھاپ سے چلنے والا انجن اور 22 بوگیاں شامل ہیں، جبکہ ہر بوگی کا وزن تقریباً 160 کلوگرام بتایا جاتا ہے

مالٹا: 55 میٹر طویل دنیا کی سب سے بڑی چاکلیٹ ٹرین تیار,عالمی ریکارڈ قائم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:  مالٹا سے تعلق رکھنے والے معروف چاکلیٹ ماہر اینڈریو فروجیا نے طلبا کی مدد سے 55.27 میٹر لمبی چاکلیٹ ٹرین بنا کر دنیا کے سب سے بڑے چاکلیٹ مجسمے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

اس منفرد منصوبے میں مالٹا کے انسٹیٹیوٹ آف ٹورازم سٹڈیز کے طلبا نے بھی حصہ لیا۔ مکمل طور پر چاکلیٹ سے تیار کی گئی اس ٹرین میں ایک روایتی بھاپ سے چلنے والا انجن اور 22 بوگیاں شامل ہیں، جبکہ ہر بوگی کا وزن تقریباً 160 کلوگرام بتایا جاتا ہے۔

یہ حیرت انگیز چاکلیٹ ٹرین رواں سال کے ونٹر اولمپک گیمز سے قبل اٹلی کے شہر میلان میں نمائش کے لیے پیش کی گئی، تاہم فروجیا اور ان کی ٹیم اس منصوبے پر کئی ماہ سے کام کر رہی تھی۔

 اس مجسمے کی منصوبہ بندی تقریباً ایک سال پہلے شروع ہوئی جبکہ فروجیا نے گزشتہ سال اکتوبر میں اس پر عملی کام کا آغاز کیا اور ٹرین کے مختلف حصوں کے مٹی کے ماڈل تیار کیے۔

رپورٹس کے مطابق اٹلی کے شہر برگامو میں تقریباً 5 ہزار چاکلیٹ کے الگ الگ ٹکڑے تراشے گئے جنہیں بعد میں پلاسٹک میں محفوظ کر کے احتیاط کے ساتھ میلان منتقل کیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق  وہاں فروجیا کی ٹیم نے کئی دنوں کی محنت کے بعد ان ٹکڑوں کو جوڑ کر یہ عظیم چاکلیٹ مجسمہ مکمل کیا۔

اینڈریو فروجیا کا کہنا ہے کہ اس منصوبے میں تقریباً 5 ہزار چاکلیٹ کے ٹکڑے استعمال کیے گئے جبکہ صرف بوگیوں کے لیے تقریباً 180 پہیے تیار کیے گئے۔ ان کے مطابق وہ اس ریکارڈ کے ذریعے اپنے ادارے، اپنے ملک اور اپنے خاندان کے لیے ایک یادگار چھوڑنا چاہتے تھے۔