ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

خواتین کی رجسٹریشن کیلئے نادرا کی خصوصی مہم شروع

خواتین کی رجسٹریشن کیلئے نادرا کی خصوصی مہم شروع
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک :خواتین کی سہولت اور ان کی رجسٹریشن کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ملک بھر میں خصوصی رجسٹریشن مہم شروع کر دی ہے۔

 نادرا کی مہم 9 سے 13 مارچ 2026 تک جاری رہے گی جس کے دوران خواتین کو ترجیحی بنیادوں پر رجسٹریشن کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین کو قانونی شناخت فراہم کی جا سکے۔

نادرا کی سالانہ رپورٹ 2025 کے مطابق رجسٹریشن سے محروم بچیوں اور بالغ خواتین کا تناسب بچوں اور مردوں کے مقابلے میں کافی زیادہ ہے۔ اسی پس منظر میں ادارے نے خواتین کی رجسٹریشن کو قومی ترجیحات میں شامل کرتے ہوئے متعدد عملی اقدامات کئے ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد اس خلا کو کم کرنا ہے تاکہ خواتین بھی اپنی قانونی شناخت کے ذریعے ریاستی اور شہری حقوق سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔

گزشتہ سال کے دوران خواتین کی رجسٹریشن بڑھانے کے لئے کئی اہم اقدامات کئے گئے۔ ملک بھر میں 28 ایسے مراکز قائم کئے گئے جہاں عملہ مکمل طور پر خواتین پر مشتمل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ رجسٹریشن کے مجموعی عملے میں بھی خواتین کی نمائندگی بڑھائی گئی اور اس وقت نادرا کے رجسٹریشن عملے میں خواتین کا تناسب 17 فیصد سے زائد ہو چکا ہے۔

ان اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ پہلی بار رجسٹریشن کرانے والوں میں خواتین کا تناسب فروری 2025 میں 60 فیصد تھا جو فروری 2026 میں بڑھ کر 65 فیصد ہو گیا۔ اسی طرح ب فارم کی بنیاد پر شناختی کارڈ بنوانے والوں میں خواتین کا تناسب جنوری 2026 میں 44 فیصد تھا جو فروری میں بڑھ کر 56 فیصد تک پہنچ گیا۔

نادرا نے حال ہی میں ایک اور اہم سہولت متعارف کرائی ہے جس کے تحت اٹھارہ سال سے زائد عمر کی ایسی خواتین جو رجسٹریشن سے محروم ہیں اب عارضی طور پر پیدائش سرٹیفکیٹ کے بغیر بھی شناختی کارڈ بنوا سکتی ہیں۔ ایسی خواتین مخصوص شرائط پوری کرنے پر شناختی کارڈ حاصل کر سکتی ہیں۔ عالمی یومِ خواتین کے موقع پر شروع کی گئی اس مہم کا مقصد یہی ہے کہ زیادہ سے زیادہ خواتین اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔

مہم کے دوران ملک بھر کے مراکز میں 50 فیصد کاؤنٹرز خواتین کے لئے مختص کئے گئے ہیں جبکہ کئی مراکز میں خواتین کی رہنمائی کے لئے خصوصی ہیلپ ڈیسک بھی قائم کئے گئے ہیں۔

نادرا تمام شہریوں خصوصاً مرد حضرات سے اپیل کرتا ہے کہ وہ اس مہم کے دوران فراہم کی جانے والی سہولیات سے فائدہ اٹھائیں اور اپنے گھر کی تمام خواتین کی رجسٹریشن یقینی بنائیں۔ قانونی شناخت نہ صرف ریاستی تحفظ فراہم کرتی ہے بلکہ اس کے ذریعے خواتین اپنے بنیادی حقوق بھی استعمال کر سکتی ہیں۔ ان میں بینک اکاؤنٹ کھلوانا، سماجی تحفظ کی سکیموں سے فائدہ اٹھانا، حقِ رائے دہی کا استعمال کرنا اور ملک کی معاشی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لینا شامل ہے۔