تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان،محکمہ موسمیات

تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان،محکمہ موسمیات
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

روینہ علی: محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے جنوبی اضلاع سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں آندھی، طوفان اور گرج چمک کیساتھ بارش کی پیش گوئی کر دی۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سرداور مطلع جزوی ابرآلودرہے گا، تاہم بلوچستان کے جنوبی اضلاع میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

 محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق (کل) اتوار کے روز اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور مطلع ابرآلود رہے گا تاہم رات کے اوقات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ وزیرستان، ڈیرہ اسماعیل خان، لکی مروت، بنوں، کرک، کوہاٹ، کرم، خیبر، باجوڑ، دیر، چترال، کوہستان، سوات، شانگلہ، ایبٹ آباد، مانسہرہ، بونیراور پشاور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

 صوبہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہے گا،  تا ہم شام یا رات کے اوقات میں میانوالی، خوشاب، اٹک، راولپنڈی، مری، گلیات اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی توقع ہے۔

 صوبہ بلوچستان میں گوادر، تربت، کیچ، جیوانی، پسنی، اورماڑہ، پنجگور، خاران، قلات، خضدار، لسبیلہ، آواران، چاغی، نوشکی، واشک، مستونگ، سبی، نصیر آباد، ژوب، شیرانی، بارکھان، موسیٰ خیل، کوہلو، جھل مگسی، لورالائی، زیارت، کوئٹہ، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے جبکہ اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔

 صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ کراچی اورجامشورو میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش یا بونداباندی ہوسکتی ہے جبکہ شام یا رات کے دوران سکھر، لاڑکانہ، دادو، جیکب آباد، کشمور اور شکارپور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی امید ہے۔

کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم سرد اور مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ شام یا رات کے اوقات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ آج رات اورکل (10مارچ) کو موسلا دھار بارشوں کے باعث گوادر، کیچ، تربت اورپنجگور میں برساتی اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، کل (10مارچ) کو بلوچستان کے شمالی اضلاع میں برفباری سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔