علی ساہی: آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس اپنے ملازمین کے خصوصی بچوں کے علاج، بحالی اور بہتر زندگی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق گزشتہ دو سال میں خصوصی بچوں کے علاج کے لیے مجموعی طور پر 30 کروڑ 84 لاکھ روپے کے فنڈز جاری کیے گئے۔
41 بچوں کی کوکلئیر امپلانٹ سرجری کے لیے 7 کروڑ 17 لاکھ روپے سے زائد کی رقم جاری کی گئی۔
سیریبرل پالسی کے شکار 654 بچوں کو ماہانہ 10 ہزار روپے وظیفہ دیا گیا، جس پر اب تک 12 کروڑ 68 لاکھ روپے خرچ ہو چکے ہیں۔
تھیلیسمیا سے متاثرہ 161 بچوں کو ماہانہ 15 ہزار روپے دیے گئے، جس کی مجموعی مالیت 5 کروڑ 27 لاکھ 85 ہزار روپے سے زائد ہے۔
قوت سماعت سے متاثرہ 162 بچوں کے لیے 1 کروڑ 2 لاکھ روپے سے زائد کی رقم جاری کی گئی۔
مختلف سنگین بیماریوں میں مبتلا 181 بچوں کے علاج کے لیے 3 کروڑ 68 لاکھ روپے سے زائد فراہم کیے گئے۔
زیر تعلیم 58 خصوصی بچوں کو 1 کروڑ روپے سے زائد کے وظائف دیے گئے۔
جسمانی معذوری کا شکار 131 بچوں کو وہیل چیئرز فراہم کی گئیں۔
آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ پولیس ملازمین کے خصوصی بچوں کی زندگی کو آسان، باوقار اور باعزت بنانے کے لیے ویلفیئر اقدامات جاری رہیں گے۔