(علی رامے)وفاق کی طرز پر پنجاب حکومت بھی متوسط طبقے کو ماہانہ رقم دے گی ۔پنجاب حکومت نے 20 ارب روپے کی تقسیم کا پلان تیار کرلیا ۔لاہور سمیت پنجاب بھر میں کم آمدن والے افراد کو یہ رقم دی جائے گی۔
وفاق کے بعد پنجاب حکومت بھی متوسط طبقے اور کم آمدن والے افراد دوہزار روپے کی رقم دے گی ۔وزیر اعلی پنجاب کے عوامی ریلف پیکج کے تحت یہ رقم ادا ہوگی، پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی اس پروگرام کی نگرانی کرے گی ۔
وفاق کے بعد پنجاب حکومت بھی دوہزار روپے کا ریلیف عوام کو دے گی ۔مجموعی طور 4 ہزار روپے بطور سبسڈی اور ریلیف کے نام پر دیئے جائیں گے ۔بی آئی ایس پی میں رجسٹرڈ افراد کے علاوہ بھی لوگوں کو اس پروگرام کا حصہ بنایا جائے گا ۔
ذرائع کا کہنا ہے جون کے آخری ہفتے میں لوگوں کو وفاق کی طرف سے رقم ملنا شروع ہو جائے گی جس کے بعد پنجاب حکومت الگ سے یہ دو ہزار روپے کی رقم کم آمدن والے افراد کو بذریعہ کیش دے گی ۔