کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت

کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( ملک اشرف ) لاہور ہائیکورٹ میں عدالتی حکم کے باوجود اراضی کی رجسٹری نہ کرنے پر کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت، کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ سیف انجم اور ڈی سی دانش افضال سمیت دیگر افسران پیش، عدالتی تنبیہ پر فوری عملدرآمد کرکے رپورٹ پیش کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس شاہد وحید نے منصور حسن کی درخواست پر سماعت کی، عدالتی حکم پر کمشنر لاہور کیپٹن ریٹائرڈ سیف انجم اور ڈی سی دانش افضال سمیت دیگر افسران پیش ہوئے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل راجہ عارف پیش ہوئے۔

درخواستگزار نے موقف اختیار کیا کہ سالویشن آرمی ٹرسٹ کی پراپرٹی خریدنے کیلئے معاہدہ کیا۔ پراپرٹی کی خریداری کیلئے پچاس ملین کی رقم بھی ایڈوانس دی۔ معاہدہ رجسٹرڈ کرانے کیلئے سب رجسٹرار ماڈل ٹاؤن کو درخواست دی,شنوائی نہ ہونے پرہائیکورٹ سے رجوع کیا۔ عدالت کے حکم کے باوجود معاہدہ رجسٹرڈ نہیں کیا جا رہا۔

درخواستگزار نے استدعا کی کہ حکم عدولی پر کمشنر اور ڈی سی سمیت ذمہ داروں کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔ جسٹس شاہد وحید اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ چار ماہ ہو گئے ہیں ابھی تک عدالتی حکم پر عملدرآمد کیوں نہیں ہوا، دو بجے تک عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ ہوا تو کمشنر اور ڈی سی سمیت دیگر ذمہ داروں کو توہین عدالت کی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے مہلت کی استدعا کی جسے مسترد کردیا گیا اور ریمارکس دئیے کہ دو بجے تک عملدرآمد نہ ہوا تو توہین عدالت کی کارروائی بھگتنے کیلئے تیار رہیں۔ تاہم مہلت ختم ہونےسے قبل ہی افسران نے عملدرآمد رپورٹ عدالت میں جمع کروادی۔