علی رامے: پنجاب میں مجوزہ الیکٹرک وہیکل (EV) پالیسی کے تحت چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کے لیے سرکاری اراضی کی فراہمی سے متعلق قانونی اور انتظامی معاملات تاحال زیر غور ہیں۔
دستاویزات کے مطابق بورڈ آف ریونیو نے نشاندہی کی ہے کہ سرکاری اراضی نجی اداروں کو لیز پر دینے کے لیے کوئی الگ پالیسی موجود نہیں، جس کے باعث چارجنگ اسٹیشنز کے قیام میں قانونی رکاوٹ درپیش ہے۔
حکام کے مطابق اگرچہ سرکاری محکموں کو زمین الاٹ کرنے کی پالیسی موجود ہے، تاہم نجی شعبے کو لیز پر اراضی دینے کے لیے واضح فریم ورک موجود نہیں ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی الیکٹرک وہیکل پالیسی پر مختلف محکموں کے درمیان مشاورت جاری ہے، جبکہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ ڈیپارٹمنٹ کی تجاویز موجودہ حکومتی پالیسی کے مطابق زیر غور ہیں۔
حکام کے مطابق پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی بھی اپنی رائے دے چکی ہے، جبکہ مجوزہ الیکٹرک وہیکل اتھارٹی کے لیے نجی سرمایہ کاری اور فزیبلٹی اسٹڈیز پر بھی کام جاری ہے۔
اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ قانونی اور انتظامی امور طے ہونے کے بعد چارجنگ اسٹیشنز اور متعلقہ انفراسٹرکچر کی راہ ہموار ہوگی، جبکہ مختلف محکموں کی آرا کی روشنی میں پالیسی کی سمری دوبارہ مرتب کی جا رہی ہے۔