درِ نایاب: لاہور کے علاقے مزنگ میں واسا کے مین ہول کور کی چوری کا مقدمہ درج کر لیا گیا، جبکہ واقعے پر منیجنگ ڈائریکٹر واسا غفران احمد نے سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
ایم ڈی واسا نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ڈرین کور چوری میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ واسا لاہور کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
غفران احمد نے تمام فیلڈ افسران کو شہر بھر میں کھلے مین ہولز اور ڈرینز کو فوری طور پر محفوظ بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ حساس مقامات پر واسا کی ٹیمیں مسلسل نگرانی جاری رکھیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ لاہور بھر میں تمام مین ہولز اور ڈرین کورز کا فوری سروے مکمل کیا جائے، جبکہ جہاں بھی ڈرین کور غائب ہوں وہاں بلا تاخیر نئے کور نصب کیے جائیں۔
ایم ڈی واسا نے تمام ڈائریکٹرز کو بھی ہدایت جاری کی کہ مین ہول کور چوری میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کی حفاظت اور سرکاری املاک کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔