ویب ڈیسک: پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد الیاس جگر کے کینسر میں مبتلا ہو گئے ہیں، جن کی جلد لاہور کے ایک مقامی ہسپتال میں سرجری متوقع ہے۔
محمد الیاس نے اپنی صحت سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے مداحوں اور کرکٹ حلقوں سے کامیاب سرجری کے لیے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔ 79 سالہ محمد الیاس نے پاکستان کی جانب سے 10 ٹیسٹ میچز کھیلے، جبکہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں انہوں نے 82 میچز میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
کرکٹ کے میدان کے علاوہ محمد الیاس انتظامی امور میں بھی نمایاں کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں چیف سلیکٹر کی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں، جبکہ قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن، جونیئر سلیکشن کمیٹی اور ویمن کرکٹ سلیکشن کمیٹی کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں۔