ویب ڈیسک: کینسر کے مریضوں کے لیے ایک بڑی خوشخبری سامنے آ گئی ہے، جہاں حکومتِ پاکستان اور سوئس دوا ساز کمپنی روشی (Roche) کے درمیان مفت ادویات کی فراہمی کے لیے باقاعدہ معاہدہ طے پا گیا ہے۔
وزارتِ قومی صحت خدمات کے مطابق معاہدے کے تحت منصوبے کے پہلے مرحلے میں اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے 745 کینسر مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی جائیں گی۔ اس حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے قومی صحت خدمات مصطفیٰ کمال نے کہا کہ یہ اقدام کینسر کے مریضوں کے لیے ایک بڑا ریلیف ثابت ہوگا۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ منصوبے کے تحت ادویات کی مجموعی لاگت کا 30 فیصد حکومتِ پاکستان جبکہ 70 فیصد اخراجات روشی کمپنی برداشت کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت صحت کے شعبے میں پبلک پرائیویٹ شراکت داری کو فروغ دے رہی ہے تاکہ مہنگے علاج کی سہولت زیادہ سے زیادہ مستحق افراد تک پہنچائی جا سکے۔