زاہد چودھری: مرگی سے بچاؤ کے عالمی دن کے موقع پر شالامار ہسپتال میں سیمینار اور آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا.
تقریب میں چیف آپریٹنگ آفیسر شالامار ہسپتال ڈاکٹر عائشہ نعمان نے شرکت کی جبکہ معروف نیورالوجسٹ پروفیسر مجیب الرحمان عابد بٹ نے مرگی کے حوالے سے خصوصی لیکچر دیا۔
پروگرام میں ڈاکٹر وجاہت سمیت دیگر ڈاکٹرز، مرگی کے مریضوں اور ان کے لواحقین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر پروفیسر مجیب الرحمان نے کہا کہ مرگی جن بھوت کا سایہ نہیں بلکہ ایک باقاعدہ بیماری ہے جو بروقت تشخیص اور درست علاج سے قابو میں آ سکتی ہے۔ انہوں نے معاشرے میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کے خاتمے اور مریضوں کے ساتھ ہمدردانہ رویہ اپنانے پر زور دیا۔
آگاہی پروگرام کے دوران لگائے گئے کیمپ میں مریضوں کا مفت چیک اپ کیا گیا اور انہیں ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ شرکاء نے ایسے پروگرامز کو مرگی سے متعلق شعور اجاگر کرنے اور مریضوں کی حوصلہ افزائی کے لیے نہایت مفید قرار دیا۔