سٹی42: سکیورٹی اور سٹیڈیم کے معیار کے متعلق سوقیانہ رویہ اپنا کر پاکستان کو بدنام کرنے کی سازشیں کرنے اور چیمپئینز ٹرافی کے لئے پاکستان کو دوہرے انتظامات پر مجبور کرنے والے انڈین بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ کی انگلینڈ کے ساتھ ہوم گراؤنڈ پر میچ میںبوگس معیار اور سکیورٹی کی قلعی کھل گئی۔
بھارت اور انگلینڈ کے میچ کے دوران فلڈلائٹس بند ہوگئیں، فلڈ لائٹس بند ہونے سے سٹیڈیم اندھیرے میں ڈوب گیا۔ اس کے بعد یہ ہوا کہ سٹیڈیم ایک ایک بڑا حصہ اندھیرے میں ڈوبا ہی رہا۔ مداح چیختے چلاتے رہے، کھلاڑی خوفزدہ رہے لیکن لائٹس بحال نہیں ہوئیں۔ اس سنگین ناکامی اور بدنظمی پر دی بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا BCCI کو سخت تنقید کا سامنا ہے۔
بھارت کے میڈیا کے لئے اوڈیسہ کا وِیک اینڈ نائٹ پر تماشائیوں سے بھرا ہوا سٹیڈیم اچانک اندھیرے میں ڈوب جانے سے مچنے والا شور ایک اچھا ویوورز گریبِنگ تماشا ثابت ہوا، نیوز چنیلز نے اس واقعہ کی لائیو کوریج کے دوران بھارتی کرکٹ بورڈ کے ساتھ وہ کی جس کا وہ دراصل مستحق تھا۔ تنقید کا یہ لائیو سلسلہ نصف گھنٹہ جاری رہا لیکن بورڈ کے منتظمین کی جان فلڈ لائٹس بحال ہونے اور میچ دوبارہ شروع ہونے کے بعد بھی نہین چھوٹی۔
بھارتی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ اڈیسہ کے شہر کٹک میں انڈیا اور انگلینڈ کے دوسرے ون ڈے میچ میں اُس وقت فلڈلائٹس بند ہوگئیں جب بھارت کے بیٹر 305 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کررہےتھے۔
7 ویں اوور کے آغاز سے پہلے ہی ایک پول کی متعدد لائٹس بند ہوئیں اور پھر پہلی گیند کے بعد پول کی ساری لائٹس بند ہوگئیں جس کے باعث میچ روکنا پڑا۔
لائٹس بند ہونے کے بعد کئی منٹ تک کھلاڑی فیلڈ میں اور بیٹر وکٹ پر کھڑے روشنی بحال ہونے کا انتظار کرتے رہے۔ فلڈ لائٹس لائٹس ٹھیک نہ ہوئیں تو منتظمین نے دونوں ٹیموں کو اپنے اپنے ڈریسنگ روم میں واپس بھیج دیا۔
بھارت کے میڈیا نے رپورٹ کیا کہ فلڈ لائٹس خراب ہونے کی وجہ سے تقریباً آدھے گھنٹے یہ انٹرنیشنل تک میچ رکا رہا اور فلڈلائٹس آن ہونے پر کھلاڑی فیلڈ میں واپس آئے۔
ایک بار نہین بار بار؛ انڈین ایکسپریس کی رپورٹ
انڈین ایکسپریس نے بتایا کہ روہت شرما اور ثاقب محمود "بارابتی اسٹیڈیم"، کٹک کے درمیان میدان میں امپائرز کے ساتھ موجود ہیں, انگلینڈ کی باقی ٹیم پہلے ہی میدان سے باہر نکلنا شروع کر چکی ہے۔ پانچ منٹ میں دوسری بار، پنڈال کی فلڈ لائٹس میں سے ایک خراب ہو گئی ہے جس کی وجہ سے اتوار کو انگلینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں ہندوستان کے 305 رنز کے تعاقب کے ساتویں اوور کے دوران کھیل روک دیا گیا۔
انڈین ایکسپریس کے رپورٹر نے بتایا کہ سب سے پہلے شام 6.15 سے شام 6.20 تک لائٹس بجھ گئیں، بجلی بحال ہوئی، جونہی ثاقب محمود رن بنانے کے لئے بھاگا تو فلڈ لائٹس پھر بجھ گئیں۔ اس بار، یہ 6.45 تک بحال نہیں ہوئیں۔جس کی وجہ سے تقریباً 35 منٹ کا کھیل مجموعی طور پر رکنا پڑا۔
فلڈ لائٹس کو کیا ہوا
یہ سمجھا جاتا ہے کہ خاص فلڈ لائٹ کو تو کچھ نہین ہوا تھا بلکہ لائٹس کو بجلی فراہم کرنے والا جنریٹر خراب ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں لائٹس ٹرپ ہو گئیں۔ بجلی کی سپلائی بحال ہوئی تو جنریٹر ایک بار پھر ٹھس ہو گیا۔ اس مرتبہ "فلڈ لائٹ سے منسلک جنریٹر خراب ہوا تو کلاک ٹاور کے پیچھے اس مخصوص اسٹینڈ پر لائٹس ایک بار پھر بند تھیں۔اس کے بعد بیک اپ جنریٹر کی باری آئی لیکن منتظمین کو فلڈ لائتس کی الیکٹرک سپلائی دوسرے جنریٹر پر منتقل کرنے میں پینتیس منٹ لگ گئے۔او سی اے کے ایک اہلکار نے بتایا کہ جنریٹر سے دوسرے جنریٹر کو کنکشن کو تبدیل کرنے میں وقت لگا، جس کی وجہ سے تاخیر ہوئی،"
بارابتی سٹیڈیم کو معیاری تعمیرِ نو کی ضرورت ہے
انڈین میڈیا نے بتایا کہ بارابتی اسٹیڈیم ملک کے قدیم ترین اسٹیڈیم میں سے ایک ہے جسے 1958 میں قائم کیا گیا تھا۔ یہاں ٹیسٹ میچ بھی ہوتے رہے۔ اب یہ اسٹیڈیم اپنی دلکشی کھو چکا ہے اور اسے تزئین و آرائش کی اشد ضرورت ہے۔
اوڈیشہ کرکٹ ایسوسی ایشن کے کارگزار صدر پنکج لوچن موہنتی نے ہفتے کے روز ہی بتایا تھا کہ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کے لیے اوڈیشہ حکومت کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے۔ "اس کی تزئین و آرائش ہونی تھی۔ جیسا کہ آپ دیکھ سکتے ہیں ہم نے جزوی تزئین و آرائش کی ہے۔ ہم حکومت کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں،‘‘ موہنتی نے کہا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ "نئی حکومت، وہ بھی ترقی کے خواہاں ہیں۔"
معمول کی بات!
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ بھارت میں میچ کے دوران فلڈ لائٹس بند ہو رہی ہوں۔ پچھلے سال ہندوستان-بنگلہ دیش T20I حیدرآباد میں فلڈ لائٹ کے مسئلے سے متاثر ہوا تھا۔ اسی طرح 2022 میں بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان گوہاٹی میں ہونے والا T20I بھی فلڈ لائٹ کی خرابی کی وجہ سے متاثر ہوا تھا۔
اہم سپورٹس چینلز پر براہ راست دکھائے جا رہے اس اہم میچ کے دوران فلڈلائٹس بند ہونے پر بھارت کرکٹ بورڈ کو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارتی کرکٹ صارفین نے بھی لائٹس بند ہونے پر اپنے بورڈ کو آڑے ہاتھوں لیا۔

پاکستان میں قذافی سٹیڈیم میں کل ہی تعمیر نو کے بعد نئی فلڈ لائٹس کی روشنی مین نیوزی لینڈ اور پاکستان کا میچ ہوا، ہر چیز بہترین معیار کی تھی اور لائٹنگ کا انتظام اتنا عمدہ تھا کہ دیکھنے والے اور کھیلنے والے دنیا کے بہترین سٹیڈیمز کو بھول گئے۔ پاکستان اور ساؤتھ افریقہ ایک روز بعد کراچی مین نو تعمیر نیشنل بینک سٹیڈیم میں میچ کھیلیں گے تو اس سٹیڈیم کا معیار بھی شاندار نکلے گا۔ یہ امر دلچسپ ہے کہ بھارت کے کرکٹ بورڈ اور کرکٹ رائٹرز نے پاکستان مین بھارتی ٹیم نہ بھیجے جانے کی ایک وجہ سکیورٹی کو قرار دیا اور دوسری وجہ سٹیڈیمز کے معیار کو قرار دیا۔
خود بھارت کے اندر ہونے والے ون ڈے میچ میں مہمان انگلینڈ ٹیم کے کھلاڑیوں اور دنیا بھر کے ویورز کی نظر میں بھارتی سٹیڈیم کے معیار اور سکیورٹی کی کِرکری ہو گئی۔