سٹی 42 : آل گورنمنٹ ایمپلائزگرینڈ الائنس پاکستان نے مختلف الاؤنسز ڈبل کرنے سمیت دیگر مطالبات منوانے کیلئے کل (10 فروری) پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے گرینڈ دھرنے کا اعلان کردیا۔
آل گورنمنٹ ایمپلائر گرینڈ الائنس کے چیف کوارڈینیٹر رحمان باجوہ کا کہنا ہے کہ 10 فروری کو پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے گرینڈ دھرنا ہو گا، ملک بھر سے سرکاری ملازمین پارلیمنٹ ہاؤس پہنچیں گے، چاروں صوبوں، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر کے ملازمین دھرنا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، سرکاری ملازمین ہر قربانی کیلئے تیار ہیں ۔
آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کے چیف آرگنائزر رحمان باجوہ نے چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کر دیا، جس کے مطابق وفاقی سرکاری اداروں کے ملازمین کی تنخواہوں میں تفریق ختم کی جائے، صوبائی طرز پر تمام وفاقی ملازمین کی اپگریڈیشن بمہ مراعات کی جائے، لیو انکیشمنٹ اور وفاقی ملازمین کی پینشن اصلاحات واپس لی جائیں، بجٹ 2024-25 میں تنخواہوں پر نافذ کردہ ٹیکس واپس لئے جائیں۔ ملازمین کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اسکولوں و اداروں کی بندش و نجکاری کے بجائے بہتر اصلاحات کی جائیں، اداروں کی نجکاری کے دوران ملازمین کی نوکریوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے، ظالمانہ پنشن اصلاحات کو فی الفور واپس لیا جائے۔ اس کے علاوہ مکان ہائرنگ کا نئے اضافے کے ساتھ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے، میڈیکل، کنوینس، ہاؤس الاونس میں 100 فیصد اضافہ کیا جائے ۔
احتجاج میں اساتذہ، وفاقی وزارتوں، ڈویژنز، اداروں کے ملازمین شرکت کریں گے، احتجاج میں آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس میں شامل تمام تنظیمیں شرکت کریں گی۔