فٹبال ورلڈ کپ میں ہر ٹیم کو انعامی رقم کتنی دی جائے گی؟جان کر حیران رہ جائیں گے

فٹبال ورلڈ کپ میں ہر ٹیم کو انعامی رقم کتنی دی جائے گی؟جان کر حیران رہ جائیں گے
کیپشن: FIFA World Cup 2022
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: قطر میں فٹبال ورلڈکپ کوارٹر فائنل مرحلے میں داخل ہوچکا ہے اور ہر ٹیم کی توجہ ٹرافی جیتنے پر مرکوز ہے۔

مگر آخری 8 ٹیموں میں سے جو 4 کوارٹر فائنل میں ناکام رہیں گی، ان کو ملنے والی انعامی رقم ٹی 20 ورلڈکپ میں دی جانے والی مجموعی انعام رقم سے بھی زیادہ ہوگی۔درحقیقت فٹبال ورلڈکپ کے گروپ مرحلے میں باہر ہوجانے والی ٹیموں کو بھی آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کی مجموعی انعامی رقم سے زیادہ رقم دی جاتی ہے۔

ٹی 20 ورلڈکپ میں مجموعی طور پر 56 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم تقسیم کی گئی تھی جبکہ فٹبال ورلڈکپ کے گروپ مرحلے تک محدود رہنے والی ہر ٹیم کو 90 لاکھ ڈالرز ملیں گے۔راؤنڈ آف 16 میں باہر ہونے والی ٹیموں کو ایک کروڑ 30 لاکھ ڈالرز ملیں گے۔کوارٹر فائنل میں شکست کھانے والی ہر ٹیم کو ایک کروڑ 70 لاکھ ڈالرز دیے جائیں گے۔

اسی طرح سیمی فائنل ہار کر تیسری اور چوتھی پوزیشن کے میچ میں ناکام رہنے والی ٹیم (چوتھی پوزیشن پر آنے والی) کو ڈھائی کروڑ ڈالرز  دیے جائیں گے جبکہ کامیاب ٹیم (تیسری پوزیشن اپنے نام کرنے والی ٹیم) کے حصے میں 2 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز آئیں گے۔ 
فیفا فٹبال ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچ کر ناکامی کا منہ دیکھنے والی ٹیم کا غم کم کرنے کے لیے 3 کروڑ ڈالرز دیے جائیں گے۔یاد رہے کہ اسپین نے جب 2010 میں ورلڈکپ جیتا تھا تو اسے 3 کروڑ ڈالرز دیے گئے تھے، مگر اب ناکامی پر بھی اتنی رقم مل جائے گی۔اور جو ٹیم ٹرافی جیتنے میں کامیاب ہوگی اسے 4 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز دیے جائیں گے۔

فیفا نے قطر ورلڈکپ کی انعامی رقم کے لیے مجموعی طور پر44کروڑ ڈالرز مختص کیے ہیں۔اس کے مقابلے میں 2018 کے ورلڈکپ کے لیے مجموعی طور پر40 کروڑ کی انعامی رقم تقسیم کی گئی تھی۔ 
فٹبال ورلڈکپ میں پہنچنے والی ہر ٹیم کو ٹورنامنٹ سے قبل فیفا کی جانب سے 15 لاکھ ڈالرز بھی دیے گئے تھے تاکہ ابتدائی اخراجات کو پورا کیا جاسکے۔ویسے فیفا کو نقصان نہیں ہوگا کیونکہ ایک تخمینے کے مطابق 2022 میں اسے 4.6 ار ب ڈالرز کی آمدنی ہوگی جس میں سے 2.6 ارب ڈالرز صرف براڈ کاسٹنگ رائٹس کے ہیں۔

Abdullah Nadeem

کنٹینٹ رائٹر