پنجاب اینٹی کرپشن بل کا مسودہ تیار

 پنجاب اینٹی کرپشن بل کا مسودہ تیار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مال روڈ (قذافی بٹ) اینٹی کرپشن کو خودمختار ادارہ بنانے کی تیاریاں، وزیراعظم نے منظوری دیدی، آئندہ سال پنجاب اسمبلی سے قانون منظور کروایا جائے گا۔

پنجاب حکومت نے محکمہ اینٹی کرپشن کو خودمختار ادارہ بنانے کی طرف پیش رفت شروع کردی ہے، 2021ء میں پنجاب اسمبلی سے اینٹی کرپشن کو خودمختار ادارہ بنانے کیلئے قانون منظور کروایا جائے گا، جس کی وزیراعظم عمران خان نے بھی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔ محکمہ اینٹی کرپشن کا نام تبدیل کرکے پنجاب اینٹی کرپشن ایجنسی رکھ دیا جائے گا۔

محکمہ قانون نے پنجاب اینٹی کرپشن بل کا مسودہ تیار کرلیا ہے، بل کی منظوری کے بعد اینٹی کرپشن ایجنسی نیب کی طرح کا خود مختار ادارہ بن جائے گا،  ایجنسی کرپشن میں ملوث سیاستدانوں اور بیوروکریسی کیخلاف کرپشن پر ازخود کارروائیاں کرے گی۔

علاوہ ازیں ڈی جی اینٹی کرپشن گوہرنفیس کی زیرصدارت ریجنل ڈائریکٹرز کا اجلاس ہوا جس میں بدعنوانی کے ہائی پروفائل کیسز، قبضہ مافیا کیخلاف جاری مہم، ریاستی رٹ کو چیلنج کر نے والے عناصر کیخلاف کارروائیوں سمیت دس نکاتی ایجنڈا زیر بحث رہا۔

ڈی جی اینٹی کرپشن گوہر نفیس نے کہاکہ ریجنل ڈائریکٹرز بری شہرت کے حامل افسروں کیخلاف فوری محکمانہ کارروائی کریں، ہیومن ریسورس کی شفافیت اور پروفیشل ازم میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، دوسروں کا احتساب کرنے کیلئے اپنا احتساب کرنا بھی ضروری ہے۔

ڈی جی اینٹی کرپشن نے تمام ریجنل ڈائریکٹرز سے محکمہ اوقاف کی اب تک واگزار شدہ اراضی کی مکمل تفصیل طلب کر لی۔ ڈی جی نے ہدایت کی کہ کنٹریکٹ پر کام کرنے والے ملازمین کو قانون کے مطابق ریگولر کرنے کے حوالے سے ورکنگ پیپر تیار کریں۔

 گوہر نفیس نے کہا کہ ریاست کی رٹ اور قانون کی بالادستی کو چیلنج کرنے والے عناصر کیخلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھیں گے۔

Sughra Afzal

Content Writer