فارن یامین:وکلاء رہنماؤں نے قلعہ گجر سنگھ تھانے کے انچارج انوسٹی گیشن اور دیگر پولیس اہلکاروں پر وکلاء کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنانے کا الزام عائد کرتے ہوئے شدید احتجاج کیا ہے۔
وکلاء کے مطابق کیس کے سلسلے میں معلومات لینے کے لیے تھانے جانے والے وکلاء بھائیوں کو کمرے میں بند کرکے تشدد کیا گیا۔
وکیل رہنما رانا روحیل اور میاں آصف کی قیادت میں وکلاء نے تھانے کے اندر احتجاج کیا۔ میاں آصف کا کہنا تھا کہ پولیس نے وکلاء کو حبسِ بے جا میں رکھنے کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا، جبکہ انوسٹی گیشن ونگ کے اہلکاروں کے مبینہ تشدد سے علیم بھٹی ایڈووکیٹ کی حالت غیر ہوگئی۔
میاں آصف کے مطابق علیم بھٹی ایڈووکیٹ کو تشویشناک حالت میں سروسز ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ وکلاء رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ انچارج انوسٹی گیشن قلعہ گجر سنگھ سمیت تشدد میں ملوث دیگر اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کیا جائے۔
میاں آصف نے خبردار کیا کہ اگر مبینہ تشدد میں ملوث اہلکاروں کو گرفتار نہ کیا گیا تو آئی جی پنجاب آفس کے باہر دھرنا دیا جائے گا۔ رانا روحیل کا کہنا تھا کہ انچارج انوسٹی گیشن کے خلاف مقدمہ درج نہ کیا گیا تو وکلاء آئی جی پنجاب آفس کا گھیراؤ کریں گے۔