سٹی42: بچے اور بچیاں آٹھ نو سال کی عمر میں ہی بالغ ہو جائیں تو والدین کو پریشانی ہوتی ہے، خود ایسے بچے اور بچیاں بھی پیچیدہ صورتحال کا شکار ہو جاتے ہیں۔ اب طبی ماہرین نے اس وجہ کا پتہ چلا لیا ہے جو بچوں کو بہت چھوٹی عمر میں بالغ کرنے کا سبب بن رہی ہے۔
سائنسدانوں نے بچوں میں 8 سے 9 سال کی عمر میں بلوغت کی وجہ بننے والےکیمیکل کا سراغ لگالیا ہے البتہ سائنسدان کہہ رہے ہیں کہ ابھی اس کیمیکل کو واحد ذمہ دار ٹھہرانے اور اس کے استعمال پر پابندی لگانے کے لئے مزید تحقیق درکار ہو گی۔
سائنسدانوں نے تحقیق کی تو پتہ چلا کہ بچے اور بچیوں میں 8 سال سے 9 سال کی عمر میں بلوغت کی وجہ ان کے ماحول میں ایک خاص کیمیکل ہے جو ان کے دماغ پر اثر ڈالتا ہے۔
تحقیق کے مطابق پرفیومز ،کاسمیٹکس اور گھریلو مصنوعات میں عام استعمال ہونے والاکیمیکل مسک ایمبریٹ (Musk Ambrette) لڑکیوں میں کافی جلد ی بلوغت کا سبب بن سکتا ہے۔
ریسرچ میں شامل ماہرین کے مطابق یہ کیمیکل دماغ کے اس حصے کو متاثر کرتا ہے جو بلوغت کے عمل کو شروع کرتا ہے۔
امریکہ کی ایموری یونیورسٹی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ "بلوغت کے وقت" کی کم ہوتی عمریں سماجی اور اقتصادی حیثیت سے کم نمایاں گروہوں اور نسلی اقلیتوں میں اور بھی زیادہ واضح ہیں۔ بلوغت کا آغاز قبل از وقت ہونے سے دور رس نتائج ہوسکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اس کیمیکل کے انسانی صحت پر اثرات کےلیے جامع تحقیق کی ضرورت ہے اور ابھی پابندی کی سفارش کرنا قبل از وقت ہے لیکن والدین اپنے بچوں کی مصنوعات میں اس کی موجودگی کو چیک کریں ۔
اس سے قبل کی گئی تحقیقات میں قبل از وقت بلوغت کو چھاتی اور بیضہ دانی کے کینسر، میٹابولک سنڈروم جیسے موٹاپا اور ٹائپ ٹو زیابیطس اور دل کی بیماریوں کےخطرے سے منسلک گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ قبل از وقت بلوغت کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں اور کسی ایک چیز کو اس کا ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جاسکتا۔