ویب ڈیسک :جنوبی کوریا کے معروف اداکار گونگ یو کو ہراسانی کے جھوٹے الزامات کے مقدمے میں عدالت نے بے قصور قرار دیتے ہوئے مکمل طور پر بری کر دیا۔
عدالت نے 40 سالہ خاتون کو جھوٹے الزامات عائد کرنے پر 6 ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔ اس خاتون کو جھوٹی معلومات پھیلانے اور انفارمیشن نیٹ ورک پروٹیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا ہے۔
تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ خاتون نے سوشل میڈیا پر 235 مرتبہ گونگ یو کے خلاف جھوٹے اور توہین آمیز بیانات پوسٹ کیے، جن میں اس نے الزام لگایا کہ اداکار نے اسے ہراساں کیا اور دھمکایا۔
تاہم، عدالت نے ان تمام الزامات کو بے بنیاد اور غلط قرار دیتے ہوئے گونگ یو کو بری کر دیا۔ تحقیق سے یہ بھی ثابت ہوا کہ گونگ یو اور اس خاتون کے درمیان کوئی ذاتی تعلق نہیں تھا۔
یاد رہے کہ گونگ یو نے نیٹ فلکس کی مشہور سیریز "سکوئڈ گیم" میں بھی کام کیا ہے، جس نے عالمی سطح پر خاصی شہرت حاصل کی۔