(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہےکہ فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے سے ثابت ہوگیا، عمران خان غیرملکی ایجنٹ ہے، پی ٹی آئی قوم کو تقسیم کرنا چاہتی ہے۔
وزیر داخلہ راناثناءاللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی والے نوجوانوں کو گمراہ کررہے ،پوری قوم پاک فوج سے محبت کرتی ہے ،سوشل میڈیا پر شہداء کیخلاف ٹرینڈ چلانے والے گمراہ ہوگئے ہیں، قوم نے اگر اس کا ادراک نہ کیا اور اپنی سمت درست نہ کی اور اس شخص کو موقع ملا تومزید قوم کو تقسیم اور گمراہ کرتے ہوئے اس ملک کی کسی حادثے سے دوچار کردے گا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے توشہ خانہ میں نہ ٹی سیٹ چھوڑا اور نہ کوئی سونے کا قلم چھوڑا،توشہ خانہ سے گھڑیاں اٹھائیں، فروخت کرکے 20 فیصد رقم جمع کرا دی، یہ غیرقانونی اور غیراخلاقی کام ہوا، عمران خان نے اپنے اثاثوں میں بھی ان کو ظاہر نہیں کیا، غیرملکی سربراہ سے ملنے والی گھڑی دبئی میں بیچ دی گئی، اس کے بعد سے اس ملک سے تعلقات کشیدہ ہیں۔
رانا ثناءاللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ توشہ خانہ ریفرنس دائر ہونے کی دیر ہے، عمران خان نااہل ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایک شخص کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر تاحیات نااہل کیا گیا۔