یوم عاشور پر ہر آنکھ اشکبار، ہرطرف یاحسینؑ، یا حسینؑ کی صدائیں

Youm-e-Ashur
کیپشن: Youm-e-Ashur
سورس: city42
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سٹی 42) نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسینؑ اور ان کے رفقا کی میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں آج   یوم عاشور پر  جلوس برآمد اور مجالس عزا برپا کی جا رہی ہیں، ہرآنکھ اشکبار ہے، ہر طرف یا حسینؑ، یا حسینؑ کی صدائیں گونج رہی ہیں۔

قتلِ حسین اصل میں مرگ یزید ہے

اسلام زندہ ہوتا ہے ہر کربلا کے بعد

حضرت امام حسینؑ  اور ان کے ساتھیوں  نے میدان کربلا میں 10 محرم الحرام کو اسلام کی بقاء کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے ایسی مثال قائم کی، جس نے رہتی دنیا تک حق اور باطل کے درمیان واضح حد قائم کردی،  آج فرزندان اسلام انہیں خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

حضرت امام حسین علیہ اسلام کی سواری ذوالجناح

حضرت امام حسین علیہ السلام کی سواری شبیہ ذوالجناح کو بھی خاص اہمیت حاصل ہے،ذوالجناح حضرت امام حسینؑ کی وہ سواری تھی جسے رسول اکرم ﷺ نے پالا تھا، ذوالجناح کے پہلے سوار حضرت محمدﷺ اور دوسرے امام حسین علیہ السلام تھے،ذوالجناح حضرت امام حسینؑ کی سواری تھی جس نے بچپن سے حضرت امام حسینؑ کے ساتھ پرورش پائی اور واقع کربلا میں امام حسینؑ کی شہادت کا یہ بھی ایک گواہ ہے۔

شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس

حق و باطل کے  معرکے کربلا کی یاد میں آج لاہور سمیت ملک بھر میں علم، شبیہ ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد کیے جا رہے ہیں،  ہر آنکھ اشکبار ہے، فضائیں یاحسینؑ یا حسینؑ کی صداؤں سے گونج اُٹھیں،حضرت امام حسین علیہ السلام سمیت شہدائے کربلا کی یاد میں لاہور میں یوم عاشور پر شبیہ علم اور ذوالجناح کا مرکزی جلوس تاریخی نثارحویلی سے کل رات برآمد ہوا جو آج شام کربلا گامے شاہ پہنچ کر الوداع ہوگا،جلوس کے دوران عزاداروں کی نوحہ خانی، گریہ زاری ماتم اورزنجیرزنی بھی جاری ہے۔

لاہوریوں کی اپنے بچھڑے ہوئے پیاروں کی قبروں پر حاضری

دوسری جانب یوم عاشور پر شہریوں کی بڑی تعداد صبح سویرے شہر خموشاں پہنچ گئی جہاں انہوں نے اپنے پیاروں کی قبروں کی لپائی کی اور پھول ڈالنے کے بعد مرحومین کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی، یوم عاشور پر قبرستان جانے کی روایت بہت پرانی ہے۔ لوگ یوم عاشور پر اپنے رشتہ داروں کی قبر وں پر خصوصی طور پر حاضری دیتے ہیں۔

سکیورٹی کے سخت انتظامات، ڈبل سواری پر پابندی

یوم عاشور کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، آج لاہور میں ڈبل سواری پر پابندی ہوگی، دفعہ 144 کے تحت اسلحہ کی نمائش پر پابندی ہے، جلوس کے روٹس پر موبائل سروس بھی بندرہے گی، سی سی پی او لاہور غلام محمودڈوگر کا کہنا ہے کہ محرم الحرام میں لاہور پولیس شہریوں کی سکیورٹی اور سیفٹی کیلئے الرٹ ہے، پولیس نے عاشورہ کیلئے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے، شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا ،عاشورہ پر مجموعی طور پر47 عزاداری جلوس برآمد ہونگے، 227 مجالس ہونگی۔

انہوں نے کہا کہ مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے10ہزارسےزائداہلکارتعینات کیے گئے،  مجالس اور جلوس کے داخلی راستوں پر رضاکاروں کی بڑی تعداد چیکنگ ڈیوٹی سرانجام دے گی،جلوسوں کی900 سے زائد کیمروں سےمانیٹرنگ کی جارہی ہے،  مرکزی جلوس کے راستوں کو کنٹینرز اور خاردار تاریں لگا کر محفوظ بنایا گیا ہے۔