(حسن خالد) کھابوں کے شوقین لاہوریوں کیلئے اچھی خبر، شہر میں ریسٹورنٹس کھل گئے، کاروبار بحال ہونے پر ریسٹورنٹس مالکان خوش، کہتے ہیں کہ کورونا وبا کے دوران بہت مشکل حالات دیکھے، ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے ہوئے کاروبار بحال رہنے چاہیے۔
کورونا وائرس کی شدت میں کمی آنے پر پاکستان میں زندگی معمول پر آنے لگی، لاہورمیں 23 مارچ سے بند ریسٹورنٹس کھل گئے، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے پنجاب میں فاسٹ فوڈز اور ریسٹورنٹس کھولنےکے قواعد و ضوابط (ایس او پیز) جاری کردیئے جس کے مطابق ریسٹورنٹس اور فاسٹ فوڈ ایر یا میں کھانے کی میزوں کے درمیان 6 فٹ کا فاصلہ ہونا ضروری ہو گا، انتظامیہ اور ورکرز کیلئے ماسک اور دستانوں کا استعمال لازمی قرار دیا گیا۔
سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز کے مطابق شہریوں کو بغیر ماسک کے ریسٹورنٹس میں داخل نہ ہونے دیا جائےگا،کسٹمرز کی ریسٹورنٹس آمد پر ٹمپریچراسکیننگ لازمی قرار دیا گیا، ہر کھانے کی ٹیبل پر ریسٹورنٹ انتظامیہ پر سینٹائزر رکھنا لازمی ہو گا، ریسٹورنٹ میں بوفے ایریاز میں جانے کی اجازت نہ دی جائے گی، ویٹرز کسمٹر کو بوفے ایریاز سے خود کھانا تقسیم کرسکیں گے۔
ریسٹورنٹس انڈسٹری سے منسلک افراد کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے دنوں میں معاشی طور پر بہت نقصان پہنچا، انتہائی کٹھن حالات میں گزر بسر کیا، کاروبار بحال ہونے پر حکومت کے شکر گزار ہیں، ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کریں گے۔
ریسٹورنٹس مالکان نے اس اُمید کے ساتھ اپنے کاروبار کا آغاز کیا ہےکہ عوام اپنے پسندیدہ کھانوں کیلئے ایک بار پھر ریسٹورنٹس کا رُخ کریں گے۔