(مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں جمہوریت کو نقصان پہنچا، عدلیہ کا فیصلہ اداروں کو غیر متنازع بنانے کی شروعات ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں نجی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے مراسلے کے معاملے پر وزارت خارجہ اور قومی سلامتی کمیٹی کو متنازع بنانے کی کوشش کی، اب الیکٹرونک ووٹنگ مشین آر ٹی ایس پلس ثابت ہو گی، اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹنگ کے حق کا مجوزہ قانون سازی میں تحفظ کریں گے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے ساتھ معاہدے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ایم کیو ایم کے ساتھ معاہدے میں موجود مطالبات میں میری خواہشات بھی شامل ہیں، مسلم لیگ ن سے سیاسی، نظریاتی اختلافات ہیں اور مستقبل میں بھی رہیں گے، نئے سیٹ اپ میں میرے وزیر خارجہ بننے پر فیصلہ پارٹی کرے گی۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ میمو گیٹ کمیشن بھی جمہوریت کے خلاف سازش تھا، خط پر کمیشن کا قیام میمو گیٹ ٹو ہے جو ناکام سازش کی کوشش ہے، جب یوسف رضا گیلانی کو ہٹانے کے لیے فیصلہ آیا تو ہم بھی ڈپلومیٹک کیبل لہرا سکتے تھے۔