گلبرگ (سٹی42نیوز)ملک کے سب سے بڑ ے ڈیجیٹل سروس پرووائیڈر اور VEON گروپ کی کمپنی جاز نے کورونا وائرس بحران کےدوران1.2 ارب روپے کے ریلیف پیکیج کا اعلان کیا ہے،اس اعانت میں چھوٹی سی درمیانی مدت کے ایسے اقدامات بھی شامل ہیں جن کا مقصد کورونا وبا کے منفی اثرات کو محدود کرنا ہے،خاص طور پر ایسے طبقے کے لوگوں کےلئے جو اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔
جاز پورے پاکستان میں ممتاز فلاحی اداروں کو اعانت فراہم کرے گا، ان اقدامات میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ، جان بچانے والے وینٹی لیٹرز اوراس آفت سے بہت زیادہ متاثر ہونے والوں کو خوراک/راشن کی فراہمی شامل ہے، ان ریلیف کے اقدامات کی بدولت جاز کے کسٹمرز کو اپنے عطیات، ایس ایم ایس اورجاز کیش موبائل والٹ کے ذریعے مستحقین تک پہنچانے میں مدد ملے گی، ساتھ ہی جاز کے ملازمین بھی رضاکارانہ طور پر اپنی 3 دن تک کی تنخواہ ریلیف کے کاموں کیلئے عطیہ کریں گے، اس مدد کا اہم حصہ زیرو یارعایتی شرح پر ایمرجنسی کیئر، میڈیکل ہیلپ لائن اور انتہائی اہم ہیلتھ ایپلی کیشنز تک رسائی جاری رکھنا ہے ۔
جاز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر ابراہیم نے کہا کہ ہم گزشتہ 25 برسوں کے دوران پاکستان میں آنے والے ہر بحران کے دوران اگلے محاذ پر رہے ہیں اور قومی ذمہ داری نبھانے میں کورونا وائرس بھی کوئی الگ بحران نہیں، ہم اس سے متاثر ہونے والے تمام لوگوں کیلئے دعا کرتے ہیں، ہمارا یہ تجربہ رہا ہے کہ سائنسی ڈیٹا، آن گراؤنڈ مضبوط ریسپانس اور حکومت کے ساتھ فعال تعاون ہمیں اس بحران سے نکلنے میں مدد کرے گا، ہمیں خوشی ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم حکومت، مسلح افوج، وفاقی اور صوبائی حکام کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
چین کے صوبے ووہان سے جنم لینے والی خطرناک بیماری کورونا وائرس پاکستان میں تیزی سے پھیل رہی ہے، اب تک اس مہلک وائرس سے 63 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4334 تک پہنچ گئی ہے، پی ڈی ایم اے مطابق پنجاب میں اس وقت 2188، سندھ میں1036 ،خیبر پخواہ میں560 ، بلوچستان212، گلگت بلتستان 213،اسلام آباد 102، آزاد کشمیر میں 28 کنفرم مریض ہیں۔