(علی ساہی) حکومت نے انعام غنی کو انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کے عہدے پر تعینات کرنے کا نوٹیفیکشن جاری کردیا ۔انعام غنی ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب سمیت صوبہ میں دیگر اہم عہدوں پر فرائض سرانجام دیتے رہے۔
پنجاب کے نئے آئی جی انعام غنی ان دنوں ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب کے عہدے پر فرائض سرانجام دے رہے تھے۔قبل ازیں انعام غنی ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب، سی پی او کے عہدے پر بھی تعینات رہ چکے ہیں۔ نئے آئی جی پنجاب کا تعلق خیبر پختونخواہ کے ضلع مالاکنڈ سے ہے۔
انہوں نے 1989میں بطور اے ایس پی پولیس سروس پاکستان جوائن کی۔ ان کا تعلق پولیس سروس آف پاکستان کے سترہویں کامن سے ہے۔ کیرئیر کے آغاز میں انعام غنی نے سی ایس اے اور نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد میں خدمات سر انجام دیں۔
انہوں نے ایس ایس پی آپریشنز پشاور، ایس پی ہیڈ کوارٹر اسلام آباد اور ایس ایس پی سیکیورٹی اسلام آباد کے علاوہ ڈی پی او ہری پور، ڈی پی او کرک، ڈی پی او صوابی، ڈی پی او مانسہرہ اور ڈی پی او چارسدہ کے عہدوں پربھی فرائض منصبی ادا کئے۔
انعام غنی ایف آئی اے اور آئی بی میں بھی انتہائی اہم عہدوں پر خدمات سر انجام دے چکے ہیں جبکہ انہوں نے یو این مشن موزمبیق، آفیسر آن سپیشل ڈیوٹی امریکہ اورایمبیسی آف پاکستان کویت میں بھی فرائض سرانجام دئیے۔انعام غنی کا شمار پنجاب پولیس کے انتہائی پروفیشنل، منجھے ہوئے اور تجربہ کارافسران میں ہوتا ہے۔