سٹی42: مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر اور سینیئر نائب صدر مریم نواز نے بھی فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اعلان کرتے ہوئے کہہ دیا کہ غاصب اسرائیلی فوج کے خلاف اپنی آزادی کیلئے لڑنا فلسطینیوں کا حق ہے اور ظالم و غاصب کے خلاف مظلوم کا ساتھ دینا ہی انصاف ہے۔
قبل ازیں مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف نے کل ہفتہ کے روز فلسطینیوں کی پرزور حمایت کرنے کا بیان سوشل پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کیا تھا۔
مریم نواز نے آج اتوار کے روز اپنے بیان میں کہا کہ عالمی قوانین کی دھجیاں اڑانے والی غاصب فوج موجودہ حالات کی ذمہ دار ہے، بھارت اور اسرائیل نسل کشی اور ریاستی دہشت گردی کے مجرم ہیں۔
مریم نواز نے کہاکہ فلسطین کے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کرانے سے ہی پائیدار امن قائم ہو سکتا ہے۔
مریم نواز نے مطالبہ کیا کہ اسلامی ممالک فلسطینیوں کو خوراک اور امدادی اشیا کی فراہمی کیلئے کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہاکہ عالمی ادارے تنازع کے پرامن اور منصفانہ حل کیلئے عملی کردار ادا کریں، امت مسلمہ کی دعا ہے مقبوضہ کشمیر اور فلسطین غاصبانہ قبضے سے آزاد ہوں۔ بہادر کشمیریوں اور فلسطینیوں کی قربانیوں سے آزادی کا سورج طلوع ہو کر رہے گا ۔