وقاص احمد: لاہور ٹریفک پولیس نے معرکۂ حق کی تقریبات کے سلسلے میں خصوصی ٹریفک پلان تشکیل دے دیا ڈویژنل ایس پیز کی نگرانی میں 6 ڈی ایس پیز، 110 ٹریفک انسپکٹرز اور 410 وارڈنز تعینات کیے جائیں گے جبکہ رانگ پارکنگ کے خاتمے کیلئے 6 لفٹرز اور شہریوں کی سہولت کیلئے 7 پارکنگ اسٹینڈز قائم کیے گئے ہیں۔
ٹریفک پلان کے تحت لبرٹی گول چکر سے گزرنے والی ٹریفک کیلئے متبادل راستے فراہم کیے جائیں گے جبکہ یو سی ایچ سے حفیظ سینٹر، سنٹرل پوائنٹ سے لبرٹی اور جام شیرین پارک سے لبرٹی کی جانب ہر قسم کی ٹریفک کا داخلہ بند ہوگا۔
کلمہ چوک سے آنے والی ٹریفک کو لبرٹی سے پہلے یوٹرن کرا کے فردوس مارکیٹ کی جانب بھیجا جائے گا جبکہ صدیق ٹریڈ سینٹر سے آنے والی گاڑیوں کو منی مارکیٹ اور ایم ایم عالم روڈ کی طرف موڑا جائے گا۔
حکام کے مطابق فیروزپور روڈ کی جانب سے آنے والی گاڑیاں گلبرگ کالج، کینٹ سے آنے والی گاڑیاں لبرٹی پارکنگ، ٹھوکر نیاز بیگ سے آنے والی گاڑیاں ڈونگی گراؤنڈ جبکہ ڈیفنس سے آنے والی گاڑیاں سی بی ڈی پارکنگ میں پارک کی جائیں گی۔