ویب ڈیسک : میٹا نے فیس بک اور انسٹاگرام پر کم عمر صارفین کی درست شناخت کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی نیا نظام متعارف کروا دیا ہے جو تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے صارفین کی عمر کا اندازہ لگائے گا۔
میٹا کمپنی کے مطابق اس اقدام کا مقصد 13 سے 18 سال کے نوجوانوں کو محفوظ اور عمر کے مطابق مواد فراہم کرنا ہے۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یورپ، برازیل اور امریکا میں حکام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بچوں کے تحفظ کے لیے دباؤ بڑھا رہے ہیں۔
چیٹ جی پی ٹی پر سبقت حاصل کرنے کی کوشش میں میٹا نے نئی اے آئی اسسٹنٹ ایپ لانچ کردی میٹا کا کہنا ہے کہ یہ نظام چہرہ شناخت کرنے والی ٹیکنالوجی استعمال نہیں کرتا بلکہ صرف عمر کے اندازے کے لیے ظاہری اشاروں، تحریروں، تبصروں، تعارف اور سرگرمیوں کا جائزہ لیتا ہے۔
کمپنی نے تسلیم کیا ہے کہ بعض صارفین غلط معلومات دے سکتے ہیں یا کچھ اشارے اے آئی نظام سے چھپ سکتے ہیں تاہم تصاویر اور ویڈیوز کے تجزیے سے عمر کے اندازے میں مزید بہتری آئے گی۔عمر کی تصدیق کرنے والی ویب سائٹس، ایپ اور ڈیوائسز اب معمول بنتی جا رہی ہیں کیونکہ دنیا بھر میں حکومتوں کی جانب سے بچوں کو نقصان دہ مواد سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ میٹا نے کم عمر صارفین کی عمر کی تصدیق کے لیے نئے اقدامات کرنے کا اعلان کیا ہے ۔میٹا کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ یہ چہرہ شناخت کرنے والا سسٹم نہیں، ہمارا اے آئی سسٹم بصری اشاروں اور عام چیزوں جیسے قد یا ہڈیوں کی ساخت کو دیکھ کر کسی فرد کی عمومی عمر کا تخمینہ لگاتا ہے۔جن صارفین کے حوالے سے شک ہوگا کہ ان کی عمر 13 سال سے کم ہے، ان کے اکاؤنٹس ڈی ایکٹیویٹ کر دیے جائیں گے اور پھر انہیں اپنی عمر کے ثبوت فراہم کرنا ہوں گے، تاکہ اکاؤنٹ کو واپس حاصل کرسکیں۔فیس بک اور انسٹا گرام کے صارفین بھی 13 سال سے کم عمر بچوں کے اکاؤنٹس کو رپورٹ کرسکتے ہیں اور میٹا کے مطابق اس طرح کم عمر صارفین کے اکاؤنٹس کی شناخت اور ڈیلیٹ کرنے میں مدد ملے گی۔
اس نئی ٹیکنالوجی کو اب نئے خطوں میں متعارف کرایا جا رہا ہے۔