ویب ڈیسک: سندھ حکومت نے خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں محفوظ سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے مزید 1000 پنک الیکٹرک اسکوٹیز خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ فیصلہ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا، جس میں سندھ بھر خصوصاً خواتین کے لیے سفری نظام کو جدید بنانے سے متعلق متعدد اقدامات کی منظوری دی گئی۔
اجلاس کے دوران پنک ای وی اسکوٹیز کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ان کی رجسٹریشن میں درپیش رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔
مزید برآں، صوبے میں ماس ٹرانزٹ نظام کو بہتر بنانے کے لیے انٹر سٹی پیپلز بس سروس شروع کرنے کی منظوری دی گئی۔ اس کے تحت لاڑکانہ، حیدرآباد، دادو اور سیہون سمیت مختلف اضلاع میں جلد بس سروس کا آغاز کیا جائے گا، جبکہ خیرپور سے روہڑی اور رانی پور تک نئے روٹس آئندہ ہفتے سے فعال ہوں گے۔
اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ کراچی کے لیے آئندہ چند ماہ میں نئی بسوں کی مزید کھیپ پہنچنے کی توقع ہے۔ سندھ میں پہلی بار ٹرانسپورٹ نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ڈبل ڈیکر بسیں چلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
شرجیل میمن نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین، طلبہ اور روزانہ سفر کرنے والے شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے جاری منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد عوام کو سستی اور عالمی معیار کی سفری سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا ہے۔