ویب ڈیسک : جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپیل کی ہے کہ علما جمعے کے اجتماعات میں بھارتی جارحیت کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کروائیں۔
جمیعت علما اسلام کے جاری اعلامیے کے مطابق کل 9 مئی کو یوم دفاع منایا جائے گا۔ مولانا فضل الرحمان نے اس حوالے سے اپیل کی ہے کہ علما جمعے کے اجتماعات میں بھارتی جارحیت کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کروائیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اپنے وطن کے دفاع کے لیے ہر قربانی دیں گے، وطن کے دفاع کے لیے ہم سب ایک ہیں، ہماری بہادر فوج جرات کے ساتھ دشمن کے سامنے کھڑی ہے، پوری قوم ان کی پشت پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن کا دفاع فرض بھی اور ہمارا ایمانی حق بھی ہے، قوم دشمن کی ہرجارحیت کا جواب دینے کے لیے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل جے یو آئی سے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپنے بیان میں بھارتی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا اعلان کیا تھا۔ اُن کا کہنا تھا کہ یہ وقت قومی اتحاد کا ہے اور بھارتی جارحیت کیخلاف پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔