ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

حکومت مہنگائی میں اضافہ واپس لے، عوام پہلے ہی شدید مشکلات کا شکار ہیں: مرکزی مسلم لیگ

حکومت مہنگائی میں اضافہ واپس لے، عوام پہلے ہی شدید مشکلات کا شکار ہیں: مرکزی مسلم لیگ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

عیسیٰ ترین : مرکزی مسلم لیگ نے حکومت سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ واپس لینے کی اپیل کر دی ، صدرمرکزی مسلم لیگ خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ بلوچستان  کے لیے خصوصی ریلیف پیکج کا اعلان کیا جائے، مہنگائی کے باعث عوام پہلے ہی شدید مشکلات کا شکار ہیں، پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے سے تمام اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ جاتی ہیں جس کا بوجھ براہِ راست عام آدمی پر پڑتا ہے۔ 

  صدرمرکزی مسلم لیگ خالد مسعود سندھو نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ حکومتیں اپنے لیے اربوں روپے مالیت کے لگژری طیارے خرید رہی ہیں جبکہ دوسری طرف عوام مہنگائی کے بوجھ تلے پس رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو تاجر بننے کے بجائے فلاحی ریاست کا کردار ادا کرنا چاہیے اور ناجائز منافع خوری کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔

 خالد مسعود سندھو نے مزید کہا کہ خطے میں جنگی صورتحال کے باوجود اگر ملک میں ایک ماہ کا پٹرولیم ذخیرہ موجود ہے تو قیمتوں میں اضافہ سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان کے لیے خصوصی استثناء دیا جائے کیونکہ یہاں روزگار، صحت اور بنیادی سہولیات کی صورتحال پہلے ہی انتہائی مخدوش ہے۔ حکومت بلوچستان کے عوام کے لیے فوری طور پر خصوصی پیکج کا اعلان کرے۔ 

خالد مسعود سندھو نے کہا کہ ان کی جماعت خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، ہم صرف نعرے نہیں لگاتے بلکہ عملی خدمت پر یقین رکھتے ہیں، اسی سلسلے میں مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے نوجوانوں کے لیے خصوصی آئی ٹی کورسز کا آغاز کیا جا رہا ہے تاکہ نوجوانوں کو جدید ہنر سکھا کر روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکی ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بدامنی اور دیگر مسائل کا حل بھی خدمت کی سیاست میں ہے، عوام کی فلاح و بہبود کے ذریعے ہی پائیدار امن اور ترقی ممکن ہے۔ 

 اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات مرکزی مسلم لیگ تابش قیوم، صدر کوئٹہ ڈویژن حافظ ادریس، جنرل سیکرٹری میر شاہجہان گرگناڑی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری میر شکر خان رئیسانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان کو بیرونی سازشوں کا سامنا ہے، بھارت مئی میں ہونے والی شکست کے بعد مختلف سازشیں کر رہا ہے، تاہم پاکستانی قوم اپنے دفاعی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان ہمارا برادر ملک ہے لیکن اگر پاکستان کے خلاف کوئی جارحیت ہوگی تو پاکستان کو اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔ 

 انہوں نے کہا کہ علاقائی اور مذہبی منافرت اور تعصبات کو ختم کرکے ہی پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔ ماضی کی حکومتوں نے کرپشن اور اقربا پروری کو فروغ دیا جبکہ عوامی خدمت کو نظر انداز کیا گیا، مرکزی مسلم لیگ کے رہنماؤں نے کہا کہ ان کی جماعت ہر مشکل گھڑی میں قوم کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور آئندہ بھی عوام کی خدمت کا یہ سفر جاری رکھے گی۔