سٹی 42 : بلوچستان کے علاقے کلی اسماعیل میدانی کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں سب انسپکٹر مٹھا خان شہید ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان فرارہونے میں کامیاب ہوئے، پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کردی۔
بلوچستان کی حکومت نے سی ٹی ڈی انسپکٹر مٹھا خان کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔ معاون وزیر اعلیٰ برائے سیاسی و میڈیا امور شاہد رند کا کہنا تھا کہ ملوث عناصر کو جلد گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انسپکٹر میٹھا خان ایک بہادر اور فرض شناس افسر تھے جنہوں نے صوبے میں قیام امن کے لیے نمایاں خدمات انجام دیں، بزدلانہ حملہ بلوچستان کے عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوصلے کو کم نہیں کر سکتا ۔
شاہد رند کا مزید کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان شہید افسر کے خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہے اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا گو ہے۔