اسرار خان : سمن آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پابندی کے باوجود لاہور کی کشادہ سڑکوں پر ویلنگ کرنے والے 3 منچلے گرفتار کرلیے ۔
ایس پی اقبال ٹاؤن سدرہ خاں کا کہنا ہے کہ ملزمان ٹریفک کم ہونے پر اپنے ساتھیوں کے ہمراہ خطرناک ون ویلنگ کرتے، ملزمان نے ون ویلنگ کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر بھی اپ لوڈ کی ہوئی تھی۔
ایس پی اقبال ٹاؤن کے مطابق سمن آباد پولیس نے ون ویلنگ کرنے والے شایان، عدیل اور ابوزر کو دھر لیا، ملزمان کے زیر استعمال ویلنگ کے لیے تیار کی گئی موٹر سائیکلوں کو بھی پولیس تحویل میں لیا گیا۔ ملزمان شایان، عدیل اور ابوزر کے خلاف ون ویلنگ کے مقدمات درج ہیں۔
ایس پی اقبال ٹاؤن کی جانب سے ون ویلنگ کے خلاف کارروائی پر ایس ایچ او سمن آباد فراز احمد اور پولیس ٹیم کو شاباش دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اپنی اور دوسروں کی جان خطرے میں ڈالنے والے ویلر کسی رعایت کے مستحق نہیں ۔