ویب ڈیسک: ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے حالیہ بیان میں واضح کیا ہے کہ ایران اپنی سرزمین کے کسی بھی حصے پر کسی بھی غیر قانونی قبضے کی اجازت نہیں دے گا۔
صدر مسعود پزشکیان نے اسپتال میں مریضوں کی عیادت کے دوران میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ " ایران دشمن کے خلاف مضبوطی سے کھڑا ہے اور کسی بھی جارحیت کا جواب پوری طاقت کے ساتھ دیا جائے گا۔ اگر کسی ملک یا گروہ نے ہماری سرزمین پر حملہ کیا تو ہم ردِ عمل میں مضبوط اقدامات کریں گے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ ایران اپنے برادر ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے اور حملوں کا مقصد دوست ممالک کے ساتھ کوئی تنازعہ پیدا کرنا نہیں ہے۔
"تمام مشکلات کے باوجود ہم سب متحد ہیں اور ملکی سلامتی کو ہر صورت یقینی بنائیں گے۔
ماہرین کے مطابق، ایرانی قیادت کے بیانات مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے دوران اس بات کا عندیہ دیتے ہیں کہ ایران اپنی دفاعی اور فوجی حکمت عملی کو مزید مستحکم کر رہا ہے، جبکہ علاقائی سلامتی اور قریبی ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کو بھی فروغ دینے کی کوشش کر رہا ہے۔
یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب خطے میں امریکی اور اسرائیلی افواج کی موجودگی اور ایران کے جوابی حملوں کے تناظر میں کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے، اور عالمی برادری کی توجہ اس خطے کی سلامتی پر مرکوز ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی افواج نے ایران کے اندر کارروائی کرتے ہوئے مغربی تہران کے شہر کرج میں واقع ایک بڑے تیل ذخیرہ کرنے والے ڈپو پر فضائی حملہ کیا۔