ملک اشرف: لاہور ہائی کورٹ میں 6 جولائی سے موسم گرما کی تعطیلات شروع ہوں گی، ہائیکورٹ نے موسمِ گرما کی تعطیلات کا شیڈول جاری کر دیا۔
لاہور ہائیکورٹ اور اس کے تمام بینچز میں گرمیوں کی چھٹیاں 6 جولائی سے 5 ستمبر 2026 تک ہوں گی،گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران صرف مخصوص نوعیت کے ارجنٹ کیسز کی سماعت ہوگی،چھٹیوں کے دوران تمام عام نوعیت کے کیسز کیلئے درخواستیں وصول نہیں کی جائیں گی ۔
چھٹیوں میں ججز پیر سے جمعرات صبح 9:00 سے دوپہر ڈیڑھ بجے تک کیسز سنیں گے، جمعہ کے روز عدالتِ عالیہ کے اوقاتِ کار صبح 9:00 سے دوپہر 12:30 بجے تک ہوں گے۔
حبسِ بے جا، ضمانتوں اور ایف آئی آر منسوخی کی فوری نوعیت کی درخواستوں پر سماعت جاری رہے گی،حکمِ امتناع (سٹے آرڈرز) اور سنگین نقصانات کے خطرے سے جڑے فوری کیسز ہی سنے جائیں گے۔
چھٹیوں کے دوران کسی بھی کیس کی جلد سماعت کی متفرق درخواست منظور نہیں کی جائے گی،کسی بینچ پر ویکیشن جج دستیاب نہ ہونے کی صورت میں ارجنٹ درخواست پرنسپل سیٹ پر دائر کی جا سکے گی۔