عابد چودھری: شفیق آباد کے علاقے میں فائرنگ کے ایک واقعے میں ایک شہری جاں بحق ہو گیا، جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تین نامزد ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق وقاص نامی شہری اپنی بیٹیوں کو گھر کے باہر جھولا جھلوا رہا تھا کہ اسی دوران ملزم فرید عرف ماجھا مالی نے مبینہ طور پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں وقاص شدید زخمی ہو گیا۔
زخمی شہری کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے دوران وقاص کے کندھے پر گولی لگی تھی۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آ گئی ہے، جس میں فائرنگ کے واقعے کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔ فوٹیج سامنے آنے کے بعد پولیس نے تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے۔
شفیق آباد پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور ایف آئی آر میں نامزد تین ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کے محرکات اور دیگر پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شواہد اور تحقیقات کی روشنی میں واقعے میں ملوث دیگر افراد کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔