زاہد چودھری: ساہیوال کی رہائشی ایک غریب مریضہ گزشتہ 15 روز سے لاہور کے جناح ہسپتال میں داخلے اور وارڈ میں بیڈ کے حصول کی منتظر ہے، تاہم بیڈ دستیاب نہ ہونے کے باعث اس کا علاج شروع نہیں ہو سکا۔
لواحقین کے مطابق مریضہ کو علاج کے لیے ساہیوال سے لاہور لایا گیا تھا، مگر ہسپتال میں مناسب انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے انہیں مسلسل مشکلات کا سامنا ہے۔
اہل خانہ کا کہنا ہے کہ بیڈ نہ ملنے کے باعث مریضہ کو رکشہ میں ہی انتظار کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ وہ مسلسل وارڈز اور انتظامی دفاتر کے چکر لگا رہے ہیں، لیکن کہیں سے بھی شنوائی نہیں ہو رہی۔
ان کا کہنا ہے کہ 15 روز گزرنے کے باوجود مریضہ کو داخل نہیں کیا گیا، جس کے باعث اس کی حالت مزید بگڑنے کا خدشہ ہے۔
لواحقین نے متعلقہ حکام اور ہسپتال انتظامیہ سے فوری طور پر بیڈ فراہم کرنے اور علاج شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مریضہ کو بروقت طبی سہولت میسر آ سکے۔