سٹی42:اسلام آباد ہائی کورٹ نے عنبرین جان کی بطور چیئرمین پیمرا تعیناتی کے خلاف درخواست پر فریقین کو جواب جمع کرانے کی آخری مہلت دیتے ہوئے سماعت 5 اگست تک ملتوی کر دی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے عنبرین جان کی بطور چیئرمین پیمرا تعیناتی کے خلاف سہیل سجاد رانا کی درخواست پر سماعت کی۔دورانِ سماعت کابینہ ڈویژن کے نمائندے نے عدالت کو بتایا کہ تقرری کے معاملے میں کابینہ ڈویژن کو بائی پاس کیا گیا اور اس معاملے سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔
وزارت اطلاعات و نشریات، پیمرا اور عنبرین جان کے وکلاء نے جواب جمع کرانے کے لیے مزید مہلت کی استدعا کی، جبکہ درخواست گزار کے وکیل شاہد محمود کھوکھر نے مؤقف اختیار کیا کہ فریقین تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں اور چونکہ معاملہ عوامی اہمیت کا ہے، اس لیے جلد سماعت مقرر کی جائے۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ عدالت درخواست گزار کی استدعا پر عنبرین جان کی تقرری کا نوٹیفکیشن معطل بھی کر سکتی تھی، تاہم عدالت نے تحمل کا مظاہرہ کیا ہے۔
عدالت نے فریقین کو جواب جمع کرانے کی آخری مہلت دیتے ہوئے سماعت 5 اگست تک ملتوی کر دی۔