حسن علی: امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے تنظیمی اجلاس میں کہا کہ مہنگائی کے ستائے عوام پر مزید معاشی بوجھ ڈالنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی اور تمام ٹیکس فوری طور پر ختم کیے جائیں۔
جماعت اسلامی لاہور کی پبلک ایڈ کمیٹی کے ذمہ داران کا اجلاس امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری جماعت اسلامی لاہور اظہر بلال، نائب امراء خالد احمد بٹ اور وقاص احمد بٹ، صدر پبلک ایڈ کمیٹی قیصر شریف، سیکرٹری شاہد نوید ملک، ڈپٹی سیکرٹری عبدالعزیز عابد، عامر نور خان سمیت دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پٹرول پر بھتہ کی صورت میں وصول کی جانے والی لیوی بھی ختم کرے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔
ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے عوام، نوجوانوں، تاجروں اور ٹرانسپورٹرز سے اپیل کی کہ وہ 10 جولائی کو ہونے والے احتجاج میں بھرپور شرکت کرکے مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف اپنی آواز بلند کریں۔