اویس کیانی: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے کراچی زون کا دورہ کیا جہاں ان کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔ وزیر داخلہ نے حوالہ ہنڈی مافیا، جعلی ادویات، نان کسٹم مصنوعات اور بھکاری ایجنٹ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا دو ٹوک حکم دے دیا۔
محسن نقوی نے ہدایت کی کہ حوالہ ہنڈی میں ملوث بڑے مگرمچھوں پر ہاتھ ڈالا جائےاورکسی کا دباؤ قبول کیے بغیر قانون نافذ کیا جائے۔بھکاریوں کو بیرون ملک بھجوانے والے ایجنٹ پاکستان کا امیج خراب کر رہے ہیں ان کے خلاف مکمل کریک ڈاؤن کیا جائے۔ڈی پورٹ ہو کر واپس آنے والے بھکاریوں کی فوری گرفتاری یقینی بنائی جائے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ جعلی ادویات کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے اور نان کسٹم پیڈ اشیاء کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ساتھ ہی 5 ہزار ڈالر سے زائد لے جانے والے مسافروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت ایکشن لیا جائے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ ملک کی ساکھ اور معیشت کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف کسی قسم کی رعایت یا رواداری نہیں برتی جائے گی۔