ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وینزویلا اپنی تیل کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدن صرف امریکی مصنوعات کی خریداری کے لیے استعمال کرے گا۔ ان کے مطابق اس پالیسی کا مقصد امریکی معیشت کو فائدہ پہنچانا اور توانائی کے شعبے میں واشنگٹن کے مفادات کا تحفظ کرنا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وینزویلا جن امریکی مصنوعات کی خریداری کرے گا، ان میں زرعی اجناس، ادویات، طبی آلات، بجلی گھروں کے لیے مشینری اور توانائی کے نظام کو بہتر بنانے کے آلات شامل ہوں گے۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ اقدام نہ صرف امریکی صنعت کو مضبوط کرے گا بلکہ وینزویلا کو بھی اپنی بنیادی ضروریات پوری کرنے میں مدد دے گا۔
اس حوالے سے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی سخت مؤقف اختیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وینزویلا کو اسی صورت میں تیل فروخت کرنے کی اجازت دی جائے گی جب یہ عمل امریکی قومی مفادات کے مطابق ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وینزویلا امریکی مفادات کو پورا کرنے میں ناکام رہا تو اسے عالمی منڈی میں تیل فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکہ اور وینزویلا کے تعلقات طویل عرصے سے کشیدگی کا شکار ہیں، اور واشنگٹن کی جانب سے پابندیوں اور سخت شرائط کے ذریعے وینزویلا کی تیل برآمدات کو کنٹرول کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔