سٹی 42 : سیاحت کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے تھر ڈیزرٹ ٹرین سفاری کا آغاز کر دیا گیا ہے، یہ ٹرین کراچی، حیدر آباد اور میر پور خاص سے ہوتی ہوئی پاک بھارت سرحدی علاقے کھوکھراپار جائے گی۔
سندھ حکومت نے سیاحت کے فروغ کیلئے تھر ڈیزرٹ ٹرین سفاری کا آغاز کیا ہے، تھر ڈیزرٹ سفاری ایکسپریس” سندھ کے سیاحتی شعبے کو نئی بلندیاں دے گی ، یہ سندھ کی ثقافتی روح کو چھونے کا نادر موقع ہے۔
ٹرین کا افتتاح محکمہ ثقافت وسیاحت صوبائی وزیرسید ذوالفقارعلی شاہ کیا، اس موقع پر وزیر سیاحت نے کہا کہ سیاح تھر ڈیزرٹ ٹرین سفاری سے کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، چھور اور کھوکھراپار تک سیاحت و ثقافت کے رنگ دیکھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پورے سندھ کو ایک اچھا میسج جائے گا، پیپلزپارٹی چاہتی ہےکہ ثقافت کوفروغ دیا جائے۔
صوبائی وزیر نے گذشتہ روز اپنے بیان میں کہا تھا کہ منصوبہ سندھ کے قدرتی حسن، لوک موسیقی، روایتی دستکاریوں اور تھر کے منفرد طرزِ زندگی کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کے لیے تیار کیا گیا۔